روایت ہوئی ہے کہ عقیقہ کی بھیڑ، بکری، مینڈھا یا بکرا ذبح کرتے وقت یہ دعا پڑھے:
فلاں کی جگہ اس بچے کا نام لیں۔
ایک اور حدیث میں ہے کہ یہ دعا پڑھے:
(یہاں بچے کا نام بمعہ ولدیت کے لے) پھر جانور کو ذبح کرے۔
عقیقہ کی اہمیت
علامہ مجلسی فرماتے ہیں: معلوم ہونا چاہیے کہ اولاد کا عقیقہ کرنا سنت موکدہ ہے ہر اس شخص پر جو اس کیلئے وسعت رکھتا ہے اور بعض علما اسے واجب جانتے ہیں۔ بہتر ہے کہ ساتویں دن عقیقہ کیا جائے، اگر اس میں تاخیر ہو جائے تو بچے کے بالغ ہونے سے قبل تک تو اس کے باپ پر سنت ہے اور اس کے بعد خود اس بچے پر آخر عمر تک سنت ہے۔ بہت سی معتبر احادیث میں وارد ہے کہ جس شخص کو اولاد عطا ہو اس پر عقیقہ واجب ہے۔ اور اکثر حدیثوں میں منقول ہے کہ ہر بچہ اپنے عقیقہ کے عوض گروی ہے یعنی اگر اس کا عقیقہ نہیں کیا جائے گا تو اس کے مر جانے یا طرح طرح کی تکلیفوں میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ امام جعفر صادقؑ سے منقول ہے کہ جو شخص مالدار ہو اس پر عقیقہ واجب ہے اور جو مفلس ہے جب مالدار ہو جائے تو عقیقہ کر لے ورنہ اس کے ذمہ کچھ نہیں ہے۔ اگر والدین بچے کا عقیقہ نہ کریں لیکن پھر جب اس کی طرف سے قربانی کریں تو وہی کافی ہو جاتی ہے۔ ایک اور حدیث میں مذکور ہے کہ امام جعفر صادقؑ سے پوچھا گیا کہ عقیقہ کے لیے جانور کی بہت تلاش کی ہے لیکن مل نہیں سکا، پس آپؑ اس بارے میں کیا فرماتے ہیں کہ اس کی قیمت صدقہ کردی جائے؟ آپؑ نے فرمایا پھر تلاش کرو اور کہیں سے حاصل کرو کیونکہ حق تعالیٰ خون بہانے اور کھانا کھلانے کو دوست رکھتا ہے۔ ایک اور حدیث میں ہے کہ امامؑ سے پوچھا گیا کہ جو بچہ پیدائش کے ساتویں دن مر جائے تو کیا اس کا عقیقہ کرنا واجب ہے؟ فرمایا کہ اگر ظہر سے پہلے فوت ہو تو نہیں کرنا چاہیے لیکن اگر ظہر کے بعد فوت ہو جائے تو اس کا عقیقہ کرنا چاہیے۔ ایک معتبر حدیث میں عمر بن یزید سے منقول ہے کہ اس نے امامؑ کی خدمت میں عرض کیا مجھے نہیں معلوم کہ میرے والد نے میرا عقیقہ کیا ہے کہ نہیں۔ آپؑ نے فرمایا تم اپنا عقیقہ خود کرو، پس اس نے بڑھاپے میں اپنا عقیقہ کیا۔
عقیقہ کا طریقہ
حدیث حسن میں آپؑ ہی سے منقول ہے کہ ساتویں دن بچے کا نام رکھا جائے، عقیقہ کیا جائے، اس کا سر منڈوایا جائے اور سر کے بالوں کے ہم وزن چاندی صدقہ کی جائے۔ عقیقہ کے جانور کے ران اور پائے دایہ کو دیے جائیں کہ جس نے بچے کی پیدائش میں خدمت انجام دی ہے، باقی گوشت لوگوں کو کھلایا جائے اور تصدق کیا جائے۔ ایک اور موثق حدیث میں فرماتے ہیں جب تمہارے ہاں لڑکا یا لڑکی پیدا ہو تو ساتویں دن اس کا عقیقہ کرو، اس کا نام رکھو اور اس کا سر منڈوا دو اور اسی روز اس کے سر کے بالوں کے برابر سونا چاندی صدقہ کر دو۔ عقیقہ کا جانور گوسفند یا اونٹ ہو۔ ایک اور حدیث میں ہے کہ عقیقہ کے گوشت کا چوتھا حصہ دایہ کو دیا جائے۔ اگر بچہ دایہ کے بغیر پیدا ہوا ہے تو وہ گوشت بچے کی ماں کو دیا جائے وہ جسے چاہے دے دے۔ عقیقہ کا گوشت کم از کم دس مسلمانوں کو کھلایا جائے اور اگر اس سے زیادہ ہوں تو بہتر ہے۔ لیکن یاد رہے کہ عقیقہ کے گوشت سے خود نہ کھائے۔ اور دایہ اگر عیسائی ہے تو اسے چوتھائی گوشت کے بدلے اس کی قیمت دے دی جائے۔ ایک اور روایت میں ہے کہ دایہ کو عقیقہ کے گوشت کی ایک تہائی دی جائے۔ اور علماء کے نزدیک مشہور یہ ہے کہ عقیقہ کا جانور اونٹ، بھیڑ یا بکری ہونی چاہیے۔ امام محمد باقرؑ سے منقول ہے کہ حضرات حسنینؑ شریفین کی ولادت کے وقت رسولؐ خدا نے ان کے کانوں میں اذان دی، حضرت فاطمہؑ زہرا نے ساتویں دن ان کا عقیقہ کیا اور دایہ کو اس کے پائے اور ایک اشرفی عطا کی۔ ضروری ہے کہ عقیقہ کا جانور اگر اونٹ ہے تو پانچ سال کا یا چھٹے سال میں یا اس سے زیادہ عمر کا ہو۔ اگر بکری ہے تو ایک سال کی یا دوسرے سال میں یا اس سے زیادہ عمر کی ہو۔ اور اگر بھیڑ ہے تو کم از کم چھ یا سات ماہ کی ہو نی چاہیے اور سات ماہ پورے ہو چکے ہوں تو بہتر ہے۔ نیز جانور خصی نہ ہونا چاہیے اور سینگ ٹوٹا، کان کٹا ، لاغر، اندھا اور لولا لنگڑا نہ ہونا چاہیے اور اگر لنگڑا ہو تو ایسا نہ کہ چل پھر نہ سکے۔
یاد رہے کہ امام جعفر صادقؑ کے فرمان کے مطابق عقیقہ کا شمار قربانی میں نہیں ہوتا۔ جو بھی گوسفندمل جائے بہتر ہے، اصل چیز تو گوشت ہے اور جانور جتنا موٹا تازہ ہو مناسب ہے۔ علماء میں مشہور قول یہ ہے کہ لڑکے کے لیے عقیقہ کا جانور نر اور لڑکی کیلئے مادہ ہونا چاہیے۔ اور یہ حقیر مؤلف گمان کرتا ہے کہ دونوں کے لئے نر جانور ہو تو بہتر ہے اور یہ بات بہت سی معتبر حدیثوں سے مطابقت رکھتی ہے، تاہم دونوں کیلئے مادہ جانور ہونے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ سنت یہ ہے کہ بچے کے والدین عقیقہ کا گوشت نہ کھائیں، بلکہ بہتر یہ ہے کہ جو چیز اس میں پکائی جائے وہ بھی نہ کھائیں۔ اور بچے کی ماں کا اس گوشت سے کھانا اشد مکروہ ہے۔ بہتر ہے کہ بچے کے والدین، اہل خاندان جو اس گھر میں رہتے ہیں وہ بھی یہ گوشت نہ کھائیں۔ یہ بھی سنت ہے کہ گوشت پکا کر کھلایا جائے اور کچا گوشت صدقہ میں نہ دیا جائے۔ اس کے پکانے کی کم ازکم حد یہ کہ اسے نمک کے پانی میں پکایا جائے اور احتمال یہ ہے کہ یہی صورت بہتر ہے، لیکن اگر کچا گوشت ہی تصدق کر دیا جائے تو بھی بہتر ہے۔ اگر عقیقہ کا جانور نہ مل سکے تو اس کی قیمت صدقے میں دینا بے فائدہ ہے بلکہ صبر کرناچاہیے یہاں تک کہ جانور مل جائے اور عقیقہ کر دیا جائے۔ اس میں شرط نہیں کہ جو لوگ کھانے میں آئیں وہ سب محتاج ہی ہوں بلکہ فقیروں کے ساتھ نیکوکار افراد کو بھی بلانا چاہیے۔
مؤلف کہتے ہیں کہ عقیقہ کے گو شت میں اس کی ہڈیوں کو توڑنے کی کراہت ایک مشہور بات ہے اور روایت یُكْسَرُ عَظْمُهَا وَیُقْطَعُ لَحْمَهَا وَتَصْنَعُ بِهَا بَعْدَ الذِّبْحِ مَا شِئْتَ (اس کی ہڈیاں توڑ دی جائیں گوشت کاٹا جائے اور ذبح کے بعد تم جیسے چاہو گوشت تیار کرو) اس کراہت کے منافی نہیں ہے۔ صاحب جواہر الکلام فرماتے ہیں کہ یہ بات جو اہل عراق میں مشہور ہے کہ عقیقہ کی ہڈیاں اکٹھی کر کے انہیں کپڑے میں لپیٹ کر دفن کرنا مستحب ہے پس مجھے اس بارے میں کوئی نص نہیں مل سکی، خدا ہی بہتر جانتا ہے۔