جس طرح ہر عمل اور عبادت کی قبولیت کے لئے کچھ شرائط ہیں کہ جن کے بغیر عمل اور عبادت قبول نہیں ہیں اسی طرح دعا کے لئے بھی شرائط ہیں جب تک ان شرائط پر عمل نہ کیا جائے تو دعا قبول نہیں ہوتی۔

۱۔ معرفت و شناخت خدا

قال رسول اللہ، یقول اللہ عَزَّوَجَلَّ: مَنْ سَألَنِیْ وَھُوَ یعْلَمُ اَنِّیْ اَضُرُّ وَاَنْفَعُ: اَسْتَجِبْ لَہْ۔
1
حضرت پیغمبر اکرمؐ سے منقول ہے خدا فرماتا ہے کہ جو شخص مجھ سے سوال اور دعا کرے اور یہ جانتا ہو (اور معرفت رکھتا ہو) کہ نفع و نقصان میرے ہاتھ میں ہے تو میں اس کی دعا قبول کروں گا۔ (میزان الحکمة باب دعاء)
1

امام صادقؑ سے جب سوال کیا گیا کہ ہم دعا کرتے ہیں لیکن قبول نہیں ہو تی تو آپ نے جواب میں فرمایا:

لَاِ نَّكُمْ تَدْعُوْنَ مَنْ لَا تَعْرِفُوْنَہٗ
2
آپ اس کو پکارتے ہو (اور اس سے دعا مانگتے ہو)جس کو نہیں جانتے اور جس کی معرفت نہیں رکھتے ہو۔ (میزان الحکمة باب دعاء)
2

۲۔ محرمات اور گناہ کا ترک کرنا

قال الامام الصادق: اِنَّ اللہ یقُوْلُ اَوْفُوْا بِعَھْدِیْ اُوْفِ بِعَھْدِكُمْ: وَاللہَ لَوْ وَفَیْتُمْ اللہ لَوَفَی اللّٰہُ لَكُمْ
3
حضرت امام صادقؑ سے منقول ہے: خدا فرماتا ہے میرے عہد و پیمان اور وعدے کو پورا کرو تا کہ میں بھی تمہارے عہد و پیمان (اور وعدے) کو پورا کروں۔ امامؑ فرماتے ہیں اللہ کی قسم اگر تم اپنا وعدہ پورا کرو اور احکام الٰہی پر عمل کرو تو اللہ بھی تمہارے لئے اپنا وعدہ پورا کرے گا تمہاری دعاؤں کو قبول اور تمہاری مشکلات کو حل فرمائے گا۔ (میزان الحکمة باب دعاء)
3

۳۔ کمائی اور غذا کا پاک و پاکیزہ ہونا

قال الامام الصادق: مَنْ سَرَّہُ اَنْ یُسْتَجَابَ دُعَائَہٗ فَلْیَطَیِّبْ كَسْبُہٗ
4
امام صادقؑ فرماتے ہیں کہ جو شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اس کی دعا قبول ہو تو اس کو چاہیے کہ اپنے کاروبار اور کمائی کو پاک کرے۔ (میزان الحکمة باب دعاء)
4

حضرت موسٰیؑ نے دیکھا ایک آدمی ہاتھ بلند کر کے تضرع و زاری کے ساتھ دعا کر رہا ہے خدا نے حضرت موسیٰؑ کی طرف وحی کی اور فرمایا اس شخص کی دعا قبول نہیں ہو گی:

لَاِنَّ فِیْ بَطْنِہ حَرَامًا وَعَلٰی ظَھُرِہ حَرَامًا وَفِیْ بَیْتِہ حَرَامًا
5
کیونکہ اس کے پیٹ میں حرام ہے (یعنی اس نے حرام کا مال کھایا ہوا ہے) اور جو لباس پہنا ہوا ہے وہ بھی حرام ہے اور اس کے گھر میں بھی حرام ہے۔ (میزان الحکمة باب دعاء)
5

پیغمبر اکرمؐ فرماتے اگر تم چاہتے ہو کہ تمہاری دعا قبول ہو تو اپنی غذا کو پاکیزہ کرو اور اپنے پیٹ میں حرام داخل نہ کرو۔

۴۔ حضور و رقت قلب

قال رسول اللہ: اِعْلَمُوْا اَنَّ اللہ لَا یَسْتَجِیْبُ دُعَاءَ مِنْ قَلْبٍ غَافِلٍ لَاہٍ
6
رسول اکرمؐ فرماتے ہیں: یہ جان لو کہ خداوند اس دل سے دعا قبول نہیں کرتا جو غافل اور بے پرواہو۔
6

۵۔ اخلاص وعبودیت

فَادْعُوْا ﷲَ مُخْلِصِیْنَ لَہُ الّدِیْن
7
خدا کو پکارو (اور اس سے دعا مانگو خلوص نیت کے ساتھ یعنی) اس حال میں کہ اپنے دین کو اس کے لئے خالص قرار دو۔ (سورۂ غافر آیہ ۱۴)
7

امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں:

وَقَدْ وَعَدَ عِبَادَہُ الْمُوْمِنِیْنَ الْاِسْتِجَابَةَ
8
بے شک خدا نے اپنے مومنین بندوں سے قبولیت دعا کا وعدہ فرمایا ہے۔ (میزان الحکمة)
8

۶۔ سعی و کوشش

یعنی دعا کا معنی یہ نہیں ہے کہ انسان کام و سعی اور کوشش چھوڑ دے اور گھر بیٹھ کر فقط دعا کرتا رہے ۔ امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں:

ثَلَاثَة تُرَدُّ عَلَیْھُمْ دَ عْوَتُھُمْ: رَجُل جَلَسَ فِیْ بَیتِہ وَقَال یَا رَبِّ اُرْزُقِیِ فَیقَالُ لَہٗ اَلَمْ اَجْعَلْ لَكَ السَّبِیْلَ اِلٰی طَلَبِ الرَّزْق
9
تین قسم کے لوگوں کی دعا قبول نہیں ہو گی (ان میں سے) ایک وہ شخص ہے جو فقط گھر میں بیٹھ کر یہ دعا کرتا رہے کہ خداوندا مجھے روزی عطا فرما اسے جواب دیا جائے گا۔ کیا میں نے تیرے لئے روزی کمانے کا ذریعہ اور وسیلہ قرار نہیں دیا دوسرے لفظوں میں حصول رزق کیلئے تلاش و کوشش کرنا کام کرنا ایک چیز ہے لیکن روزی کا نصیب ہونا اس کا با برکت ہونا توفیق الٰہی کا شامل حال ہونا دوسرا مطلب ہے جس میں دعا بہت مؤثر ہے۔ (وسائل الشیعہ ابواب دعا باب ٥٠ حدیث ٣)
9

اسی طرح علاج کروانا شفاء کیلئے ڈاکٹر یا حکیم کے پاس جانا اس کے دستور کے مطابق دوائی استعمال کرنا ایک مطلب ہے لیکن ڈاکٹر کی تشخیص کا صحیح ہونا دوائی کا شفاء میں مؤثر ہونا دوسرا مطلب ہے جس میں دعا اور صدقہ وغیرہ بہت مؤثر ہیں جب یہ دونوں حصے اکھٹے ہوں تو مؤثر واقع ہوں گے اور ہمیں ان دونوں کی طرف توجہ کرنی ہو گی۔