بسم اللہ الرحمن الرحیم
خاتم المحدثین جناب شیخ عباس قمی قدس سرہ کی مشہور و معروف اور مقبول عام کتاب مفاتیح الجنان کا جدید اردو ترجمہ پیش خدمت ہے۔ اس تر جمہ کی ایک امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ حوزہ علمیہ قم کے فضلاء پر مشتمل ایک جماعت نے حضرت آیت اللہ الحاج حافظ سید ریاض حسین نجفی دامت برکاتہ کے ترجمہ اور علمی عبارات اور اصطلاحات سے بھر پور استفادہ کرنے کے ساتھ ساتھ سابقہ تمام تراجم کو پیش نظر رکھا ہے اور تقریباً دو سال کی مسلسل سعی و کوشش کے بعد اس کو مرتب و منظم کیا ہے عربی عبارات کی تصحیح اور اصلاح پر خصوصی توجہ دی ہے۔
تاحد امکان کوشش کی گئی ہے کہ موجودہ ترجمہ اور عربی عبارات اغلاط سے پاک ہوں اگرچہ کسی بھی انسانی کام کو بے عیب ونقص قرار نہیں دیا جا سکتا امید ہے قارئین کرام اپنی گرانقدر آراء و نظریات سے مطلع فرما کر کتاب کی مزید اصلاح اور بہتر سے بہتر اشاعت میں ضرور تعاون فرمائیں گے۔
ہماری یہ کاوش استاد العلماء حضرت آیت اللہ سید محمد یار نجفی اور محسن ملت حضرت حجة السلام والمسلمین علامہ سید صفدر حسین نجفی قدس سرھما کی کوششوں اور محنتوں کا تسلسل ہے۔ بارگاہ رب العزت میں التجا ہے کہ خداوند منان ان کے درجات بلند اور ان پر اپنی رحمات نازل فرمائے اور انہیں جوار آئمہ معصومین میں جگہ عنایت فرمائے۔
اس وقت محسن ملت کی عظیم یادگار حوزہ علمیہ جامعة المنتظر لاہورؑ، حوزہ علمیہ مدینة العلم اسلام آباد، مدرسہ امام المنتظر و مؤسسہ امام المنتظر قم اور محسن ملت کے دیگر تمام مدارس اور مراکز کی سرپرستی حضرت آیت اللہ الحاج حافظ سید ریاض حسین نجفی فرما رہے ہیں اور شب و روز ان کی تعمیر و ترقی میں مصروف عمل ہیں۔
ہماری دعا ہے کہ خداوند عالم انہیں صحت و سلامتی اور طول عمر عطا فرمائے اور انہیں اپنے حفظ وامان میں رکھے اور ان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے اور مومنین کرام کو بھی توفیق عنایت فرمائے تاکہ ان تمام دینی مراکز کی تعمیر ترقی میں ان کے ساتھ تعاون فرما کر ثواب دارین حاصل کریں۔
آخر میں مؤسسہ امام المنتظر (عج) ان تمام طلباء و فضلاء کا ممنون و مشکور ہے جنہوں نے حجة الاسلام والمسلمین سید نیاز حسین نقوی کی زیر نگرانی میں اپنی شب و روز کی مساعی سے اس کتاب کے ترجمہ ،تصحیح اور کمپوزنگ جیسے امور کو خلوص دل سے انجام دیا ہے خداوند عالم ان تمام حضرات کی توفیقات میں اضافہ فرمائے اور انہیں اپنی حفظ امان میں رکھے
آخر میں قوم کے مخیر اور درد مند مومنین ہمارے مفید اور عظیم الشان منصوبوں کی تکمیل میں عملی معاونت فرمائیں ہمارے پاس مراجع عظام (مدظلہم العالی) کے اجازے اور وکالت نامے موجود ہیں آپ حضرات و جوہات شرعیہ و عطیات دے کر اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ان منصوبوں یعنی مدرسہ مدینة العلم اسلام آباد، مدرسہ امام المنتظر مشہد مقدس و سوریہ (شام) کی عملی تکمیل میں حصہ لے کر اپنے لئے یا اپنے رفتگان کیلئے آخرت کا سامان مہیا کر سکتے ہیں۔
خداوند متعال ہم سب کے نیک کاموں کی توفیق میں اضافہ فرمائے۔ آمین