سن ۱۱ ھجری، ۲۸ صفر، سوموار کے دن رسول اکرمؐ کی وفات ہوئی جبکہ آپ کی عمر شریف تریسٹھ ۶۳ سال تھی۔
چالیس سال کی عمر میں آپ تبلیغ رسالت کیلئے مبعوث ہوئے، اس کے بعد تیرہ سال تک مکہ معظمہ میں لوگوں کو خدا پرستی کی دعوت دیتے رہے، ترپن برس کی عمر میں آپ نے مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت فرمائی اور پھر ان کے دس سال بعد آپ نے اس دنیائے فانی سے رحلت فرمائی۔ امیر المؤمنینؑ نے بنفس نفیس آپ کو غسل و کفن دیا، حنوط کیا اور آپ کی نماز جنازہ پڑھی۔ پھر دوسرے لوگوں نے بغیر کسی امام کے گروہ در گروہ آپ کا جنازہ پڑھا۔ بعد میں امیر المؤمنینؑ نے آنحضرت کو اسی حجرے میں دفن کیا جس میں آپ کی وفات ہوئی تھی۔
انس ابن مالک سے روایت ہے کہ رسولؐ اللہ کے دفن کے بعد جناب سیدہؑ میرے قریب آئیں اور فرمایا اے انس! تمہارے دلوں نے یہ کس طرح گوارا کیا کہ آنحضرتؐ کے جسد مبارک پر مٹی ڈالی جائے ۔پھر آپ نے روتے ہوئے فرمایا:
یَا اَبَتَاہُ اَجَابَ رَبًّا دَعَاہُ، یَا اَبَتَاہُ مِنْ رَبِّہٖ مَا اَدْنَاہُ
1
بابا جان نے رب کی آواز پر لبیک کہا، بابا جان آپ اپنے رب کے کتنے قریب ہیں
1
ایک معتبر روایت کے مطابق بی بیؑ نے آنحضرت کی قبر مبارک کی تھوڑی سی مٹی لے کر آنکھوں سے لگائی اور فرمایا:
مَا ذَا عَلَی الْمُشْتَمِّ تُرْبَۃَ ٲَحْمَدٍ، ٲَنْ لَا یَشَمَّ مَدَی الزَّمَانِ غَوَالِیَا
2
جو احمدؐ مجتبیٰ کی تربت کی خوشبو سونگھے، وہ تا زندگی دوسری خوشبو نہ سونگھے گا
2
صُبَّتْ عَلَیَّ مَصَائِبٌ لَوْ ٲَنَّھَا، صُبَّتْ عَلَی الْاَیّامِ صِرْنَ لَیَالِیَا
3
مجھ پر وہ مصیبتیں پڑی ہیں اگر وہ، دنوں پر آتیں تو وہ کالی راتیں بن جاتے
3
شیخ یوسف شامی نے درالنظیم میں نقل کیا ہے کہ جناب سیدہؑ نے اپنے والد بزرگوار پر یہ مرثیہ پڑھا:
قُلْ لِلْمُغَیِّبِ تَحْتَ ٲَطْبَاقِ الثَّرٰی، اِنْ كُنْتَ تَسْمَعُ صَرْخَتِیْ وَنِدَائِیَا
4
خاک پردوں میں غائب ہونے والے سے کہو، اگر تو میری فریاد اور پکار سن رہا ہے
4
صُبَّتْ عَلَیَّ مَصَائِبٌ لَوْ ٲَنَّھَا، صُبَّتْ عَلَی الْاَیَّامِ صِرْنَ لَیَالِیَا
5
مجھ پر وہ مصیبتیں پڑی ہیں کہ اگر وہ، دنوں پر آتیں تو وہ کالی راتیں بن جاتے
5
قَدْ كُنْتُ ذَاتَ حِمًى بِظِلِّ مُحَمَّدٍ، لَا ٲَخْشَی مِنْ ضَیْمٍ وَكَانَ حِمًى لِیَا
6
میں محمدؐ کی حمایت کے سائے میں تھی، مجھے کسی کے ظلم کا ڈر نہ تھا ان کی پناہ میں
6
فَالْیَوْمَ ٲَخْضَعُ لِلذَّلِیْلِ وَٲَتَّقِیْ، ضَیْمِیْ وَٲَدْفَعُ ظَالِمِیْ بِرِدَائِیَا
7
لیکن آج پست لوگوں کے سامنے حاضر ہوں، ظلم کا خوف ہے اپنی چادر سے ظالم کو ہٹاتی ہوں
7
فَاِذَا بَكَتْ قُمْرِیَّۃٌ فِیْ لَیْلِھَا، شَجَنًا عَلٰی غُصْنٍ بَكَیْتُ صَبَاحِیَا
8
رات کی تاریکی میں جب قمری شاخ پر روئے، میں شاخ پر صبح کے وقت روتی ہوں
8
فَلَاَجْعَلَنَّ الْحُزْنَ بَعْدَكَ مُؤنِسِیْ، وَلَاَجْعَلَنَّ الدَّمْعَ فِیْكَ وِشَاحِیَا
9
بابا آپ کے بعد میں نے غم کو اپنا ہمدم بنا لیا، آپ کے غم میں اشکوں کے ہار پروتی ہوں
9
شہید اور کفعمی کے بقول ۵۰ھ میں اٹھائیسویں صفر کو امام حسنؑ کی شہادت ہوئی جبکہ جعدہ بنت اشعث نے معاویہ کے اشارے پر آپ کو زہر دیا تھا۔