☆ جمعہ کے روز غسل کرنا سنتِ مؤکدہ ہے روایت میں ہے کہ رسول اللہؐ نے امیر المؤمنینؑ سے فرمایا: یا علیؑ! جمعہ کے دن غسل کیا کرو اگرچہ اس روز کی خوراک بیچ کر بھی پانی حاصل کرنا اور بھوکا رہنا پڑے کہ اس سے بڑی کوئی اور سنت نہیں ہے۔ امام جعفر صادقؑ سے منقول ہے کہ جو شخص جمعہ کے روز غسل کر کے درج ذیل دعا پڑھے تو وہ آئندہ جمعہ تک گناہوں سے پاک ہو گا یا طہارت باطنی کی بدولت اس کے اعمال قبول ہوں گے اس میں احتیاط یہ ہے کہ جہاں تک ممکن ہو سکے جمعہ کا غسل ترک نہ کرے اس کا وقت طلوع فجر سے زوال آفتاب تک ہے اور زوال سے جتنا قریب ہو بہتر ہے۔
☆ اپنے سر کو خطمی سے دھوئے تو برص و دیو انگی سے محفوظ رہے گا۔
☆ اس روز مونچھیں اور ناخن کاٹنے کی بڑی فضیلت ہے اس سے رزق میں وسعت ہو گی آئندہ جمعہ تک گناہوں سے پاک رہے گا اور برص و دیوانگی اور جزام سے محفوظ رہے گا ناخن کاٹتے وقت درج ذیل دعا پڑھے۔ نیز ناخن کاٹنے میں بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے شروع کرے اور دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی پر ختم کرے۔ پاؤں کے ناخن کاٹنے میں بھی یہ ترتیب قائم رکھے اور کاٹے ہوئے ناخنوں کو دفن کرے۔
☆ پاکیزہ لباس پہنے اور خوشبو لگائے۔
☆ صدقہ دیں کیونکہ روایت میں ہے کہ شب جمعہ و روز جمعہ میں دیا ہوا صدقہ عام دنوں کے صدقے سے ہزار گنا زیادہ شمار ہوتا ہے۔
☆ اہل و عیال کیلئے اچھی چیزیں یعنی گوشت اور پھل وغیرہ خرید کر لائے تاکہ وہ جمعہ کی آمد سے خوش و شادمان ہوں۔
☆ ناشتے میں انار کھائے اور قبل از زوال کاسنی ﴿ایک قسم کی جڑی بوٹی ہے﴾ کے سات پتے کھائے اس ضمن میں امام موسی کاظمؑ کا فرمان ہے کہ روز جمعہ ناشتے میں ایک انار کھانے سے چالیس دن تک دل نورانی رہے گا دو انار کھا نے سے اسی ۸۰ دن اور تین انار کھانے سے ایک سو بیس۱۲۰ دن دل نورانی رہے گا اور وسوسہ شیطانی کو اس سے دور کرے گا اور جس سے وسوسہ شیطان دور ہو جائے وہ خدا کی معصیت نہیں کرتا اور جو خدا کی معصیت نہ کرے وہ جنت میں داخل ہو گا۔ مصباح میں شیخ کا ارشاد ہے کہ روایات میں شب جمعہ و روز جمعہ میں انار کھانے کی بڑی فضیلت بیان ہوئی ہے۔
☆ جمعہ کے دن سیر و سیاحت، لوگوں کے باغات اور زراعت میں تفریح، غلط قسم کے لوگوں سے ملنے جلنے، مسخرہ کرنے، لوگوں کی عیب جوئی کرنے، قہقہہ لگا کر ہنسنے، لغو باتوں اور اشعار اور دیگر ناروا کام کرنے والوں سے دوری اختیار کرے کہ جنکی خرابیاں بیان نہیں کی جا سکتیں بلکہ اس کے بجائے خود کو دنیاوی کاموں سے بچا کر مسائل دینی کے سمجھنے اور انہیں یاد کرنے میں مصروف رکھے۔
امام جعفر صادقؑ فرماتے ہیں کہ اس مسلمان پر افسوس ہے جو سات دنوں میں ﴿جمعہ کے دن بھی﴾ خود کو مسائل دینی کی تعلیم حاصل کرنے میں مشغول نہیں رکھ سکا اور دنیا کے کاموں میں پھنسا رہا۔
رسولؐ اللہ فرماتے ہیں کہ اگر تم لوگ جمعہ کے دن کسی بوڑھے کو کفر و جاہلیت کے وا قعات اور قصے کہانیاں بیان کرتے دیکھو تو اس پر سنگ باری کرو۔
☆ ایک ہزار مرتبہ درود شریف پڑھیں جیسا کہ امام محمد با قرؑ فرماتے ہیں کہ میرے نزدیک جمعہ کے دن محمدؐ وآل محمدؐ پر درو د بھیجنے سے بہتر کوئی عبا دت نہیں ہے
مؤلف کہتے ہیں کہ اگر ایک ہزار مرتبہ درود شریف پڑھنے کی فرصت نہ ہو تو کم ازکم ایک سو مرتبہ درود پڑھے تاکہ قیامت کے دن اس کا چہرہ منور ہو۔ روایت میں آیا ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن سو مرتبہ درود شریف، سو مرتبہ اَسْتَغْفِرُ اللہَ رَبِّیْ وَاَتُوْبُ اِلَیْہِ، اور سو مرتبہ سورۂ توحید پڑھے تو اس کے گناہ معاف ہو جائیں گے۔ ایک اور روایت میں ہے کہ جمعہ کے دن ظہر و عصر کے درمیان محمدؐ وآل محمدؐ پر صلو ات بھیجنا ستر حج کرنے کے برابر ہے
☆ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور ائمہ طاہرین علیہم السلام کی زیارات پڑھیں کی جس کی کیفیت بابِ زیارات میں آئے گی۔
☆ اپنے والدین اور دیگر مومنین کی قبروں کی زیارت کیلئے جائے کہ اس کی بڑی فضیلت بیان ہوئی ہے۔ جیسا کہ امام محمد باقرؑ فرماتے ہیں کہ جمعہ کے دن مُردوں کی زیارت کرو کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ کون ان کی زیارت کیلئے آیا ہے وہ خوش ہوتے ہیں۔
☆ دعائے ندبہ پڑھیں اور یہ دعا چاروں عیدوں میں پڑھی جاتی ہے۔